Dec 06, 2018 07:35 pm
views : 489
Location : Domestic Place
Islamabad- Poor people deprived of gas in the developed city
اسلام آباد، مضافاتی بستیوں کے غریب مکین آج بھی گیس جیسی بنیادی سہولت سے محروم
شہر اقتدار اسلام آباد کے اطراف قائم درجنوں مضافاتی بستیوں کے غریب مکین اس جدید اور ترقی یافتہ دور میں بھی گیس جیسی عام سہولت سے بالکل محروم ہیں ۔یہ مجبور اور محکوم لوگ کھانا پکانے اور اپنی دیگر ضروریات زندگی پوری کرنے کیلئے قریبی جنگل سے لکڑیاں کاٹ کر لاتی ہیں جو ہمارے حکمرانوں اور عوام کا دکھ درد رکھنے کا راگ الاپنے والوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
اسلام آباد کی مضافاتی بستی میں رہنے والی سکینہ بی بی روزانہ بستی کے قریبی جنگل سے لکڑیاں کاٹ کر لاتی ہے تاکہ وہ اپنے خاندان کیلئے کھاناپکانے سمیت دیگر ضروری کام کرسکے۔
سکینہ بی بی کا کہنا ہے کہ ان کے گھر میں گیس نہیں ہے ، اس لئے وہ کھاناپکانے کیلئے جنگل سے لکڑیاں کاٹ کر لیجاتی ہے جو انتہائی مشکل کام ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہم غریبوں کی مدد کرے تاکہ ہماری مشکلات کم ہوسکیں۔
اسی بستی کی رہائشی ایک اور خاتون کوثر بی بی کاکہناتھاکہ وہ اپنے بچوں کو پالنے کیلئے امیر لوگوں کے گھروں میں محنت مزدوری کرتی ہیں اوربعد ازاں اپنے گھر میں کھاناپکانے سمیت دیگر کاموں کیلئے جنگل سے لکڑیاں کاٹ کر لیجاتی ہے کیونکہ ان کے گھر میں بھی گیس جیسی سہولت موجود نہیں ہے۔
کوثر بی بی کا کہنا تھاکہ چھوٹا سا گھر ہے ، چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ زندگی بہت مشکل ہے ،حکومتی دعووں کو تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے لیکن حکومت کو ہم جیسے غریبوں کی مدد کرنی چاہیے۔