Dec 06, 2018 09:06 pm
views : 479
Location : Domestic Place
Islamabad- PPP Chairman Bilawal Bhutto Adresess
اسلام آباد،پاکستان مختلف قومیتوں،فرقوں، ثقافتوں ، زبانوں اور مذاہب کا خوبصورت گلدستہ ہے،بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید زوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈٹیکنالوجی، شہید بینظیر بھٹو نے انتہائی چاہت ،محبت اور عقیدت سے بنایا تھا جو دن بدن ترقی کرتا ہوا تناور درخت بن گیا ہے، ہم سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستان مختلف قومیتوں،فرقوں، ثقافتوں ، زبانوں اور مذاہب کا خوبصورت گلدستہ ہے جہاں تمام پاکستانیوں کو برابری کی بنیاد پر تمام حقوق حاصل ہیں۔
سندھی کلچر ڈے کے حوالے سے شہید زوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈٹیکنالوجی اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے آج پاکستان کے مستقبل اور نوجوانوں کو دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے جن کے چہروں پر مجھے بھرپور انرجی ،آگے بڑھنے کی لگن اور مستقبل کا جدید اورترقی یافتہ پاکستان نظر آرہا ہے یہ سب کچھ میرے لئے بہت متاثر کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھی کلچر ڈے کے اس یادگار موقع پر مجھے بلانے اورپاکستان کے نوجوانوں سے ملاقات کروانے پرشہید زوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈٹیکنالوجی کی پوری ٹیم مبارکباد اور تعریف کی مستحق ہے ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کاآئین ،قانون اور ملک کا جمہوری سسٹم پورے ملک کے عوام، تمام اقلیتوں،تمام قبیلوں،تمام مذاہب،تمام فرقوں،تمام زبانیں بولنے والوں کے خودمختار ہونے کا ثبوت ہے جو انہیں ملک میں ہرطرح سے تمام مواقع دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھی کلچرل ڈے کے موقع کی مناسبت سے میں سندھ کی قدامت ثقافت اور اس کے فروغ اور ترویج کیلئے سندھیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہوں گاکہ سندھ ایک عظیم، قدیم اور دنیا کی بہترین ثقافتوں میں سے ایک ہے جس پر ہر ایک سندھی کو انتہائی فخر ہونا چاہیے، سندھ وسیع اور بھرپور تاریخ اور مختلف ثقافتوں کا حامل خطہ ہے، مصر اور روم کے تاریخی مقامات کی طرح سندھ کو بھی یہ فخر حاصل ہے کہ یہاں موہن جو دڑوں کی تاریخ ہے، سندھ کی ثقافت دنیا کی قدیم ترین تاریخی ثقافتوں میں سے ایک ہے جو ہمارے لئے قابل فخر بات ہے۔