کراچی،مددگار ہیلپ لائن کے تحت تشدد کاشکار خواتین کیلئے وومن پروٹیکشن ہیلپ لائن قائم
پاکستان میں خواتین پر تشدد کی روک تھام اور انہیں قانونی امداد فراہم کرنے والی این جی او مددگار ہیلپ لائن کے تحت تشدد کاشکار خواتین کیلئے وومن پروٹیکشن ہیلپ لائن کی افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر شہلا رضا،معروف وکیل رہنما اور مددگار ہیلپ لائن کے صدرضیااعوان ایڈووکیٹ اور مشہورمعروف اداکارہ زیبا بختیار نے شرکت کی اور خواتین کو قانونی مدد کیلئے قائم ہیلپ لائن کے قیام کو سراہا۔
خواتین پر تشدد کی روک تھام اور انہیں قانونی امداد فراہم کرنے کیلئے قائم کی گئی ہیلپ لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضیا اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ قانونی امداد کا قیام بہت اچھا اقدام ہے جبکہ اس سے ہماری حوصلہ افزائی بھی ہوئی ہے جبکہ مختلف اداروں کی جانب سے معاشرے کی بھلائی اور عوام کی بہتری کیلئے مشترکہ اقدامات بھی اچھے اقدامات ہیں۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سندھ شہلا رضا نے کہا کہ تمام کام حکومتیں نہیں کرتی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی این جی اوز حکومتوں کے ساتھ چلتی ہیں،میری وزارت دیگر وزارتوں سے ملکر لائحہ عمل بناکر کام کرے گی جبکہ ہم اپنے کام میں شمولیت کیلئے دوسری این جی اوز کو بھی دعوت دینگے جولازمی طورپر حکومت کے ساتھ ہی ملکر کام کریں گی۔
معروف اداکارہ زیبا بختیار کا کہنا تھا کہ صرف خواتین پر تشدد کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ پورے معاشرے میں تبدیلی لانے کا معاملہ ہے، خواتین پر تشدد کی کمی اورخاتمہ کیلئے ایسی ہیلپ لائن کا قیام بہت ضروری تھا،انہوں نے کہاکہ جسمانی تشدد توبہت بعد کی چیزیں ہیں اس سے پہلے جو ذہنی اور نفسیاتی تشدد ہوتا ہے اس کا تدارک زیادہ ضروری ہے، بچیوں کو بچپن سے ذہنی طورپرہی مفلوج کردیا جاتا ہے جو انتہائی غلط ہے اور اسی سوچ اورزہنیت کو بدلنے کی ضرورت ہے۔