لندن،وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا برطانوی پارلیمان کا دورہ
وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے برطانوی پارلیمان کا دورہ کیا، اوربرطانوی پارلیمان کے اراکین سے ملاقات کی۔
وزیر اطلاعات نے برطانوی اراکین پارلیمان کو پاکستان تحریک انصاف حکومت کے سماجی اور معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ برطانیہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو غربت سے نجات دلانا چاہتی ہے،پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر کے تنازعہ کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے،پاکستان اور برطانیہ کے مابین خوشگوار تعلقات استوار ہیں،ان تعلقات کو مزید بہتر دیکھنا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سےکرتار پور راہداری کا آغاز ایک اہم اور مثبت اقدام ہے،بھارت سے بھی ایسے ہی مثبت رویے کی توقع کرتے ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہناتھا کہ مشرق وسطیٰ میں تمام فریقوں سے رابطے میں ہیں،تمام فریق رضا مند ہوں توامن عمل میں کردار کیلئے تیار ہیں،قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا رہے ہیں،طاقتور اور کمزور سب قانون کے سامنے برابر ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹ رہے ہیں،حکومت کی موثر پالیسی کے نتیجے میں برآمدات بڑھ رہی ہیں،درآمدات میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے،ملکی معیشت ایک بار پھر مستحکم ہو رہی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے ڈالر کی قیمت کم رکھنے کیلئے 6سے7ارب ڈالر خرچ کیے ،ڈالر کی قیمت مسئلہ نہیں، اقتصادی اشاریے مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں،پاکستان کو مالی بحران کا سامنا نہیں،وزیر خزانہ اسد عمر معاشی بہتری کیلئے تمام توائیاں صرف کر رہے ہیں،26ملکوں میں پاکستانی دولت کو تلاش کیا ہے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے بات ہوئی ہے اس سلسلے میں قوانین کو موثر بنایا جا رہا ہے،بیرونی ممالک میں غیر قانونی پیسے سے سرمایہ کاری کو روکنے کیلئے تعاون ضروری ہے۔