وزارت ریلوے کی جانب سے ریل گاڑی کے کرائے میں اضافے پر عوام نے ملے جلے
رجحان کا اظہار کیا ہے۔ ریلوے کرایوں میں اضافہ سے عوام پر بہت اثر پڑے گا
جبکہ کوئی کہتا ہے کہ ریلوے خسارے کو کم کرنے کیلئے کرایوں میں اضافہ
ناگزیر ہوگیا تھا ۔
کراچی کینٹ اسٹیشن پر ٹکٹ بک کرانے کیلئے آنے والے ایک شہری روشن علی کا
کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ نئی حکومت نے پاکستان ریلویز کے خسارے کو کم
کرنے کیلئے اضافہ کو ناگزیر سمجھا ہے شاید اس کے علاوہ اور کوئی دوسرا چارہ
بھی نہیں ہے۔
اس حوالے سے ایک اور شہری اعجاز سموں کا کہناتھاکہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی
عروج پر پہنچ چکی ہے اوپر سے حکومت بجائے سہولیات فراہم کرنے کیلئے کرائے
میں اضافہ کررہی ہے۔ ریلوے عام لوگوں کی سواری ہے ، اس کے کرائے بھی
بڑھادیئے گئے ہیں، کوچز اور بسوں کے کرایوں میں تو آئے روز اضافہ ہوتا رہتا
ہے، ریلوے کرایوں میں اضافے سے عام افراد پر بہت اثر پڑے گا، ویسے تو ریل
کی سیٹیں بہت مشکل سے ملتی ہیں اس پر کرایوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔
جس سے عوام مشکل میں آئیں گے ۔