کراچی، چیف جسٹس کے سامنے کراچی کا مقدمہ رکھیں گے، عامر خان
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاعات ہیں کہ چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس ثاقب نثار آئندہ ہفتے کراچی آرہے ہیں۔ ایم کیو ایم کراچی کا مقدمہ ان کے سامنے رکھے گی۔ بہت سارے لوگ ہیں جن کے گھر متاثر ہوں گے جس پر ہم اپنا کردار ادا کریں گے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہم نے ارکان صوبائی اور قومی اسمبلی کی سطح پر ایک کمیٹی بھی بنائی ہے جو کے ڈی اے کے ڈائریکٹر سے جاکر ملیں گے اور ان معاملات پر گفت وشنید کریں گے۔
عامر خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم مرکز کے پاس جو اختیارات تھے وہ صوبوں اور شہروں تک منتقل ہونے کیلئے ترمیم کی گئی تھی اور اس میں ایم کیو ایم کا کردار تھا، ایک مرکز کی بجائے اب چار مرکز بن جائیں تو اس پر لازمی سی بات ہے آواز اٹھائیں گے اور ایسی ترمیم پر غور کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ، پہلے وفاق کے پاس اختیارات تھے اب منتقل ہوئے تو صوبے اس پر قبضہ کرکے بیٹھ جائیں اور شہروں کو اختیارات نہ دیں تو ایم کیو ایم اٹھارویں ترمیم پر غور کرسکتی ہے۔