Dec 09, 2018 05:17 pm
views : 415
Location : President House
Islamabad- President Arif Alvi Adresess
اسلام آباد،مشرقی پاکستان ٹوٹنے کی وجہ استحصال کم اور کرپشن زیادہ تھی، صدر مملکت
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ میرا ایمان ہے کہ کرپشن پوری دنیا کی انسانیت کیلئے ایک مہلک زہر ہے، میری ساری زندگی اس کوشش میں گزری کہ قوم کے اندر کرپشن کیخلاف بغاوت تلاش کی جائے، انہوں نے بتایاکہ ستر کی دہائی میں ایک مقامی اخبار کے اندر ان کے دوست نے کرپشن کیخلاف میری کوششوں اورجدوجہد پرایک مضمون لکھا تھاجو میں نے اپنے تعلیمی ادارے میں کیں تھیں، کرپشن کیخلاف میری جدوجہد بہت طویل اورلمبی ہے،پاکستان کی سیاست میں کرپشن کے اثرونفوذاور اہم ہونے کا اندازہ ہونے میں بہت وقت لگا۔
صدرمملکت نے کہا کہ جب پاکستان ٹوٹا اور مشرقی پاکستان الگ ہواتو مجھے یقین تھا کہ اس کے توٹنے کی وجہ استحصال کم اور کرپشن زیادہ تھی، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ملک دولخت ہونے کے بعد ان کے چور ان کے ساتھ اورہمارے چورہمارے ساتھ رہ گئے۔
صدر عارف علوی نے انسداد بدعنوانی کے عالمی موقع پر ایوان صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحیح بخاری کے مطابق آنحضرت ﷺنے فرمایا کہ تم سے ہرایک شخص اس چیز کا محافظ ہے جو چیز اس کے پاس ہے، حکمران اپنے کاموں اور حکمرانی کا ذمہ دار ہے، شوہر اپنے خاندان اور عورت اپنے شوہر اور گھر کی ذمہ دار اورمحافظ ہے، ایک نوکر اپنے مالک کی جائیداد کامحافظ اورذمہ دارہے۔
پاکستان کے صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ جب ہم اپنے کسی آئیڈیل کے متعلق گفتگو کرتے ہیں تو انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بھی اپنے آئیڈیل جیسا ہولیکن یہ نہیں ہوتا کہ اگرمیں اپنے کسی آئیڈیل کے بارے میں بات کرتاہوں میں اس آئیڈیل جیسا بن چکا ہوں یا اپنے اس آئیڈیل تک پہنچ چکا ہوں، ہرانسان گناہ گار ہے، اللہ تعالی سے معافی کا خواستگار ہے، ہم کیونکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے مسلمان ہیں اس لئے ہم اپنی منزلوں کی تلاش کیلئے اپنی مذہبی کتابوں اور تاریخ سے رجوع کرتے ہیں۔
صدرمملکت نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے بلوچستان کے سول سروینٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کام ہمیشہ ایمانداری اور مخلص ہوکر کرواور حکومت پاکستان کے ہمیشہ وفادار رہو،قائداعظم نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتاہوں کہ اس دنیا میں آپ کے ضمیر سے بڑی کوئی چیز نہیں ہے، جب اللہ تعالی کے سامنے پیش ہونگے تو آپ کہہ سکتے ہیں کہ آپ نے اپنا کام مکمل ایمانداری وفاداری اور دیانت داری سے کیا۔