لاہور، کٹاس راج مندر کی یاترا کیلئے 139 بھارتی یاتری واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ گئے
ضلع چکوال میں واقع کٹاس راج مندر کی یاترا کیلئے 139 بھارتی یاتری واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ گئے۔ یہ یاتری 9 سے 15 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان ایک دوسرے کے مذہبی مقامات کے لئے وضع کردہ پروٹوکول (1974) کے تحت بھارت اور پاکستان کے یاتری اور زائرین دونوں ممالک میں واقع مزاروں اور مندر کے دورے کرتے ہیں۔
اس پروٹوکول کے تحت ہر سال بڑی تعداد میں بھارتی سکھ اور ہندو پاکستان میں مختلف مذہبی تقاریب میں شریک ہوتے ہیں۔ اسی طرح پاکستان سے لوگ بھارت میں واقع صوفی بزرگوں کے مزارات کے دورے کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سےکٹاس راج مندر کی یاترا کیلئے 139 بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے جبکہ گزشتہ ماہ پاکستان نے بابا گرو نانک کی 549 جنم کے دن کے موقع پر 3 ہزار 800 سکھ یاتریوں کو پاکستان کے ویزے جاری کئے۔اس دورے کے دوران کرتار پور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔