دارالخلافہ میں بارش کے بعد موسم انتہائی سہانا ہونے کے ساتھ ساتھ سردی کی
بڑھ گئی جس کے بعد خشک میوہ جات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے، عوام کی بڑی
تعداد خشک میوہ جات کی دکانوں پر پہنچ گئی۔ دکانداروں کی چاندی ہوگئی۔ موسم
سرما میں خشک میوہ جات کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ عوام نے خشک میوہ جات کے
نرخوں میں اضافے کا شکوہ بھی کیا ہے۔
طبی اعتبار سے خشک میوہ جات کا مستقل استعمال بہت زیادہ مفید ہے۔
خشک میوہ فروخت کرنے والے دکاندار گل خان کا کہنا تھا کہ شکر الحمدو اللہ
بارش کے بعد موسم بہت خوشگوار ہوگیا ہے اور اس خوشگوار موسم کی وجہ سے
کاروبار بھی بہترین چل رہا ہے، بارش کی وجہ سے گاہک بھی زیادہ آتے ہیں، خشک
میوہ جات تو لوگ سردیوں میں زیادہ کھاتے ہیں کیونکہ خشک میوہ جات کی تاثیر
گرم ہوتی ہے اور بہت سردیوں میں فائدہ پہنچاتی ہے۔ بادام، پستہ، اخروٹ کو
لوگ بیماریوں میں بھی استعمال کرتے ہیں۔
ایک خریدار مدثر رضاکا کہنا تھا کہ موسم سرما شروع ہوچکا ہے، میں آبپارہ
مارکیٹ میں خشک میوہ جات لینے آیا ہوں، خشک میوہ جات جسم میں گرمی پیدا
کرتے ہیں، جس کے استعمال سے سردی محسوس نہیں ہوتی۔
ایک اور خریدار محمد ہاشم کا کہنا تھا کہ ہر شخص کا دل چاہتا ہے کہ وہ خشک
میوہ جات خریدے تاہم کسی کی جیب اجازت دیتی ہے اور کسی کی نہیں لیکن صاحب
ثروت افراد خشک میوہ جات کا سردیوں میں بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ موجودہ
مہنگائی کے دور میں خشک میوہ جات غریبوں کی دسترس سے دور ہے۔