Dec 10, 2018 08:58 pm
views : 465
Location : Domestic Place
Islamabad- APHC Organizes seminar on World Human Rights Day
اسلام آباد، عالمی انسانی حقوق کے دن مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کی شدید مذمت
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج انسانی حقوق کا عالمی دن بھرپور طریقے
سے منایا جارہا ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر آل پاکستان حریت
کانفرنس کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر ، چیئرمین
کشمیر کونسل یورپی یونین علی رضا سید، پروفیسر ڈاکٹر خرم اعجاز، الطاف
وانی، منیرقریشی ، کشمیری نمائندے اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت
کی۔
مقررین نے مقبوضہ کشمیرمیں جانی انسانی حقوق کی پامالی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ فاروق
حیدر کا کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر گزشتہ اکتھر برسوں سے حل نہیں ہورہا،
شملہ معاہدہ دو جوہری قوتوں کے مابین ہوا اس میں کشمیریوں کو شامل نہیں کیا
گیا۔ جب تک کشمیریوں کو اپنا مقدمہ عالمی سطح پر اٹھانے کا خود موقع نہیں
دیا جائے گا سات سو سال بھی لگ جائیں تب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ کوئی
ہماری مدد کیلئے تیار نہیں ہے۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ دنیا کی کامیاب آزادی تحریکوں کی قیادت ایک
ہوتی ہے، بدقسمتی سے جو اکتھر برسوں میں نہیں ہوپائی، تقسیم شدہ ، یہاں پر
بھی اور مقبوضہ کشمیر سے بھی درد ناک خبریں آتی رہتی ہیں کہ بعض معاملات
پر اتفاق رائے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد آزادی کی تحریک کو بہت نقصان پہنچا،
تمام اسلامی ممالک میں سے صرف پاکستان ہماری حمایت کرتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ
آزاد کشمیر حکومت مقبوضہ کشمیری بھائیوں کی نمائندگی کیلئے ان کو آگے
رکھے۔