Dec 11, 2018 04:38 pm
views : 480
Location : Civil Hospital Mach
Quetta- Civil Hospital Mach in bad condition
کوئٹہ، سول ہسپتال مچھ میں انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے ایمبولینسز خراب ہونے لگیں
سول ہسپتال مچھ میں تین ایمبولینس خراب ہوکر خستہ حالت میں اینٹوں پر کھڑی ہیں، سابقہ دور حکومت میں مچھ سول ہسپتال کو دی جانے والی جدید ایمبولینسز ہسپتال انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے دوسال کے مختصر دورانیے میں خراب ہوگئی ہیں، اب معمولی خرابی کی وجہ سے جدید ایمبولینسز اینٹوں پر کھڑی ہیں، ایمبولینسز پر کھڑے کھڑے مٹی اور دھول جم رہی ہے۔
ایمبولینسز میں فرسٹ ایڈ کی تمام تر سہولیات موجود ہیں تاہم خراب ہونے کی وجہ سے وہ ناکارہ پڑی ہیں۔
ایمبولینس کے اندر موجود ایمرجنسی کی صورتحال میں فراہم کرنے والے آلات زنگ آلودہ اور ناکارہ ہورہے ہیں۔
مچھ شہر آبادی کے لحاظ سے ڈسٹرکٹ کچھی کی دوسری بڑی تحصیل ہے، شہر کے ارگرد سینکڑوں کوئلے کی کانیں موجود ہیں جن میں ہزاروں مزدور کام کرتے ہیں۔
بلوچستان کو پنجاب اور سندھ سے ملانے والی قومی شاہراہ بھی یہاں سے ہوکر گزرتی ہے اور شہر کے ارگرد سینکڑوں دیہی علاقے واقع ہیں اور آبادی تقریبا پچاس ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔
اس حوالے سے ایک بزرگ قاسم خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال پہنچتے ہیں، یہاں کی ایمبولینسز مانگتے ہیں تو بتایا جاتا ہے کہ دو خراب ہیں ایک ایمبولینس کو مریض کے ساتھ بھیجا ہوا ہے، ہسپتال میں بدقسمتی سے ڈاکٹر بھی ایک ہے۔
یوسی چیئرمین عبدالماجد ترین کا کہنا تھا کہ مچھ سول ہسپتال میں ڈاکٹرز کا فقدان ہے، مشینری کروڑوں روپے کی تو ہسپتال میں موجود ہے لیکن اس کو چلانے کیلئے کوئی قابل آدمی موجود نہیں۔ ایمبولینسز بے دردی سے چلائی جاتی ہیں، کوئٹہ جاتی ہیں، ڈیزل اور اس کا خرچہ عوام کرتی ہے۔سابقہ ڈپٹی اسپیکر راحیلہ درانی کے پاس میں خود گیا تھا اور سماجی خدمت کیلئے ایک ایمبولینس مانگی تھی تاہم انہوں نے ہسپتال کو ایک ایمبولینس تو دی تھی جو آج خراب حالت میں پڑی ہوئی ہے۔