Dec 14, 2018 04:59 pm
views : 488
Location : National Assembly
Islamabad- MNA Akhtar Mengal Adresess in NA
اسلام آباد، بلوچستان کے ارکان قومی اسمبلی کیلئے ملک کے آئین وقانون میں پروڈکشن آرڈر بنا ہی نہیں، سردار اختر مینگل
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ورکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آج جو حکومتی بینچوں پر بیٹھے ہیں وہ کل حزب اختلاف کی بینچوں پر تھے اور اگر آج یہ یہاں ہیں تو کل وہاں پر بھی ہوسکتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اختر مینگل کا مزید کہنا تھا کہ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کی بات نہیں کررہا کیونکہ پروڈکشن آرڈر ہمارے لئے آج تک اس ملک کے آئین وقانون میں بنا ہی نہیں، ملک کے دوسرے صوبوں کے ممبران کیلئے تو ضرور ہے ہم تو کیونکہ لاپتہ شہری ہیں جس پر اسپیکر کا پروڈکشن آرڈر نافذ ہوسکتا ہے نہ اس پر عملدرآمد ہوسکتا ہے، لہٰذا میری یہ گزآرش تھی کہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب تک اس ملک کی سیاست کی باگ دوڑ کسی اور کے ہاتھوں میں ہے، سیاسی مقدمات بنتے رہیں گے لیکن اس کا حل ہمیں نکالنا ہے، میں کسی کا ساتھ نہیں دے رہا، میں اصول کی سیاست کرنا چاہتا ہوں اور اس سلسلے میں ہم نے 70 سالوں میں صعوبتیں برداشت کی ہیں۔