Dec 14, 2018 05:09 pm
views : 469
Location : National Assembly
Islamabad- Federal Information Minister Fawad Chaudhary Adresess in NA
اسلام آباد، ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کو ایک انتظامی چھتری کے نیچے لارہے ہیں، فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کو ایک انتظامی چھتری کے نیچے لانے کا اعلان کردیا ہے۔ رواں برس ہم پی ٹی وی کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے جبکہ آئندہ دو سے تین برسوں میں ریڈیو پاکستان کو بھی اس کے مساوی لے آئیں گے۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان میوزیم چھوٹا سا ہے، 1960ء میں ریڈیو کے ٹرانسمیشن اور انجینئرنگ سمیت تمام سامان یہاں پر بنائے جاتے تھے لیکن بدقسمتی سے آج ہم سوئی سے لے کر ایک بھی چیز نہیں بنا سکتے جس کی تمام تر چیزیں درآمد کرنی پڑتی ہیں۔ اس کے علاوہ اور کوئی چارہ بھی نہیں رہا کہ نیا سامان نہ لگاسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت پانچ ارب پینسٹھ کروڑ روپے ہر سال ریڈیو پاکستان کو چلانے کیلئے دیتی ہے، ریڈیو پاکستان بیس کروڑ روپے کماتا ہے، پانچ ارب چالیس کروڑ روپے کا خسارہ کہاں سے پورا کیا جائے، یا تو ٹیکس لائسنس فیس بڑھانی پڑے گی یا پھر ان کی پراپرٹیز کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے تاہم ہم نے اصلاحات کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے بورڈ کو ایک کردیا ہے اور آئندہ ان دونوں ادارے کو ایک انتظامی چھتری کے نیچے لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ہم پی ٹی وی کو منافع بخش ادارہ بناسکیں گے اور قوی امید ہے کہ آئندہ دو سے تین سالوں میں ریڈیو پاکستان کو بھی اس کے مساوی لاکھڑا کیا جائے۔