ہاکائیڈو، سپورو کے مقامی ریسٹورنٹ میں خوفناک دھماکے اورآتشزدگی کے نتیجہ میں 40سے زائد افراد زخمی
شمالی جاپان کے جزیرے ہاکائیڈوکے شہر سپورو کے مقامی ریسٹورنٹ میں ہونے
والے خوفناک دھماکے اورآتشزدگی کے نتیجہ میں 40سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن
میں بچے بھی شامل ہیں،مقامی جاپانی پولیس اور آگ بجھانے والے ادارے کے
اہلکار رات گئے تک دھماکے کی وجوہات تلاش کرتے رہے ، جائے حادثہ کی رپورٹنگ
کرنے والے مقامی جاپانی صحافیوں کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ عمارت
میں پروپین گیس کا ٹینک تھا جس کے پھٹنے سے ریسٹورنٹ میں خوفناک دھماکا
ہوااور آگ لگ گئی۔
جاپانی پولیس اور آگ بجھانے والے ادارے کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دھماکے
کی نوعیت اور اس کی حتمی وجوہات کے بارے میں اتنی جلدی کچھ بھی کہنا ناممکن
ہے کہ دھماکا کیوں اور کس وجہ سے ہوا تھا، شواہد جمع کئے جارہے ہیں جیسے
ہی تحقیقات مکمل ہونگی ویسے ہی تفصیلات بتادی جائیں گی۔
جاپانی پولیس اور آگ بجھانے والے ادارے کے اہلکار وں نے حادثہ کا شکار ہونے
والے ریسٹورنٹ کی بلڈنگ کی مکمل تلاشی لی اور اس کی سرچنگ کی ،دھماکے کے
باعث تقریباًپوری بلڈنگ ہی تباہ ہوگئی ہے۔