راولپنڈی، کشمیریوں پر ہونے والے ظلم وستم پر گھر بیٹھنے والوں کی زندگی حرام ہے، شیخ رشید
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ریلوے میں یہ نعرہ لگایا ہے کہ آرام حرام ہے اسی طرح میں سمجھتا ہوں کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم وستم پر گھر بیٹھنے والوں کی زندگی حرام ہے۔
راولپنڈی میں منعقدہ ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ آج کے حالات میں رئیس الحرار قائد ملت چوہدری غلام عباس کے مزار پر کھڑے ہوکر یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ جو عظیم لوگ ہیں وہ دنیا سے اٹھتے جارہے ہیں اور بدمعاش چھاتے جارہے ہیں ،جو جتنا بڑا چور ہے وہ اتنا معزز ہوگیا ہے، جو غریب لوگ اصولوں پر سیاست کرتے تھے ان کا وقت ختم ہوتا جارہا ہے ،آج انسانیت کی سیاست کی پہچان صرف دولت رہ گئی ہے۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسے عالم میں سردار عتیق صاحب کو اپنے والد کی روایت کو زندہ رکھنا چاہیے اور باہر نکلنا چاہیے، اور اگر وہ باہر نکلیں گے تو کشمیر کی جدوجہد آزادی میں بہت اہم پیغام جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ایک آسیب زدہ اور تعصب سے لبریز مسلمانوں سے نفرت کرنے والا لیڈر ہے ،وہ بھارت کی پانچ ریاستوں میں انتخابات ہار چکا ہے اور وہ ایسی ریاستیں ہیں جو گاؤ ماتا کی ریاستیں ہیں جہاں ہندو ازم کی بنیاد پر ووٹ پڑتے تھے ۔ زندگی میں ایسا کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک ایسا وقت آئے گا کہ ہندوستان امریکا کی جھولی میں گڑ پڑے گا۔