کراچی کے قدیم علاقے بوہرہ پیر میں جامع کلاتھ مارکیٹ کے سامنے واقع شیشہ
مارکیٹ جسے ایشیا کی سب سے بڑی شیشہ مارکیٹ ہونے کا اعزازحاصل ہے، بوہرہ
پیر کی شیشہ مارکیٹ میں سینکڑوں چھوٹی بڑی دکانیں موجود ہیں جن میں عام
آئینے سے لیکر نقش نگاری پر مبنی آئینوں سمیت صنعتی استعمال کے لئے بنائے
جانے والے انتہائی سخت، موٹے اورقدآور شیشے باآسانی دستیاب ہیں۔
ایشیا کی سب سے بڑی شیشہ مارکیٹ میں وہ درآمد اور برآمد کنندگان بھی ہیں جو
پاکستان کے دیگر شہروں سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے نہ صرف اعلیٰ معیار کا
شیشہ منگواتے ہیں جبکہ مقامی شیشہ بھیجتے بھی ہیں ۔
اس شیشہ مارکیٹ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ نہ صرف یہاں آنے والے تمام غریب
وامیر سب کو اپنی ضرورت اور حیثیت کے مطابق چیز باآسانی مل جاتی ہے بلکہ
صنعتی استعمال کیلئے بھی اچھی کوالٹی کا پائیدار شیشہ مناسب قیمت میں
دستیاب ہوتا ہے۔
ایک نوجوان دکاندار نے بتایاکہ اس مارکیٹ میں چائنہ ، بیلجیئم
،انڈونیشیااورملائشیاسمیت مختلف ممالک کے شیشے یہاں دستیاب ہیں لیکن سب سے
بری بات یہ ہے کہ پاکستان میں سی کوالٹی کا شیشہ منگوایا جاتا ہے۔
ایک بزرگ دکاندار نے بتایاکہ دروازوں اوردیواروں میں لگنے والا فگراور
دیکھنے والا آئینے سمیت زیادہ تر شیشہ چائنہ سے ہی منگوایا جاتاہے کیونکہ
انہوں نے اپنی ٹیکنالوجی کو جدت دیکر آئینہ سازی میں ڈیزائنگ کا سلسلہ شروع
کیا ہے، انہوں نے بتایاکہ بیلجیئم کا شیشہ بھی آتا ہے جو بہت زیادہ مہنگا
ہوتا ہے۔