Dec 19, 2018 09:10 pm
views : 500
Location : Different Areas
Karachi- Ghoost Teachers, Dilapidated Schools
کراچی، اسکول صرف کاغذوں پر، گھوسٹ اساتذہ کاتنخواہیں وصول کرنے کا سلسلہ جاری
وزارت تعلیم سندھ کی ناک کے نیچے سینکڑوں اسکول صرف کاغذوں پر موجود ہیں
جبکہ حقیقت میں تعلیمی درسگاہیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں۔ اساتذہ گھر
بیٹھے تنخواہیں وصول کررہے ہیں اور مستقبل کے معماروں کا کوئی پرسان حال
نہیں ہے۔ سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی کے باوجود خستہ اسکولوں کی حالت تبدیل
نہ ہوسکی،گھوسٹ اسکول ٹیچرز اور عملے کے خلاف بھی حکومت محکمہ جات اور راست
اقدام کرنے میں مجرمانہ غفلت کا ارتکاب کررہی ہے۔
ایسا ہی ایک اسکول کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں واقع ہے جس کی صورتحال
بیان سے باہر ہے،اس اسکول میں بینچز ٹوٹی ہوئی ہیں، سرکاری تعلیمی اداروں
میں بجلی کاٹ دی گئی ہے، دیواریں اور چھتیں بھوت بنگلے جیسا منظر پیش کررہی
ہیں جبکہ بچوں کی تعداد بھی انتہائی کم ہے۔
ایک ٹیچرشمیم زہرہ کا کہنا تھا کہ ہم اس ٹوٹے پھوٹے اسکول میں بھی بچوں کو
پڑھا رہے ہیں ، تمام اسکولوں کی حالت خراب نہیں ہے بس سرکاری اسکول کے
متعلق بری باتیں کی جاتی ہیں تاکہ نجی اسکولوں کے معاملات چلتے رہیں۔
دوسری ٹیچرفاطمہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی سرکاری اسکولوں میں پڑھا ہے
،پہلے سرکاری اسکولوں کی حالت بہت اچھی تھی لیکن اب ایسی صورتحال ہے کہ جسے
بیان ہی نہیں کیا جاسکتا۔
علاقے کے یوسی چیئرمین آصف اعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں کی بہت بری
صورتحال ہے ، جن اسکولوں میں 20استاد ہیں ان میں سے 4آتے ہیں جبکہ باقی
16غیر حاضر ہوتے ہیں جو ہماری اپنی نااہلی ہے،حکومت کو اس معاملے کا سخت سے
سخت نوٹس لیکر اس کاتدارک کرنا چاہیے۔