آصف زرداری کے خلاف امریکا میں مبینہ فلیٹ اور انتخابی گوشواروں میں غلط
بیانی کا الزام، سندھ الیکشن کمیشن نے خرم شیر زمان کی درخواست وصول کرلی۔
درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ سابق صدر این اے 213 سے رکن قومی اسمبلی
منتخب ہوئے، آصف زرداری نیویارک میں قائم اپارٹمنٹ کے مالک ہے، الیکشن
کمیشن میں جمع اثاثوں میں اس اپارٹمنٹ کا ذکر نہیں ہے، اثاثے چھپانا آئین
کے آرٹیکل 62 ون ایف کے زمرے میں آتا ہے، آئین کے مطابق آصف علی زرداری
صادق اور امین نہیں رہے، سابق صدر کو نااہل قرار دیا جائے۔
بعد ازاں پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم 24
دسمبر کو اچھی خبر سنے گی، جے آئی ٹی نے ایک رپورٹ جمع کرا دی ہے، تحریک
انصاف نے فیصلہ کیا ہے کرپشن میں بڑے ہاتھیوں کیخلاف سب سے پہلے کارروائی
کی جائے۔
انہوں نے کہا آصف علی زرداری نے جو اثاثے الیکشن کمیشن میں جمع
کرائے اس میں بیرون ملک جائیداد کا ذکر نہیں کیا، درخواست دائر کی ہے کہ
آصف علی زرداری کو قومی اسمبلی کی نشست سے ہٹایا جائے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا پیپلزپارٹی نے صوبے میں جو تعلیم کا حال کیا وہ
عوام جانتے ہیں، جو تباہی پیپلزپارٹی نے مچائی اسکا ریکارڈ پوری دنیا میں
نہیں، یہ بھی درخواست دائر کی ہے کہ امریکا میں آصف زرداری نے یہ جائیداد
خریدی ذرائع کیا تھے۔
انہوں نے کہا تمام ادارے آزاد ہیں، تحریک انصاف نے
کسی ادارے پرکوئی دباؤنہیں ڈالا ہوا، ہم نے فیصلہ کرلیا ہے انہیں این
آراونہیں دینا۔