شہر قائد کے مرکزی علاقے صدر کے لکی اسٹار ایریا میں سرجیکل و میڈیکل آلات
کی درجنوں دکانیں ہیں جہاں لوکل و امپورٹڈسامان فروخت کیا جاتا ہے،کراچی
میں سرجیکل ومیڈیکل آلات و سامان کی مارکیٹ کو پاکستان کی بڑی مارکیٹوں
شمار ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، اس مارکیٹ کی دکانوں پر سستے سے سستا اور
مہنگے سے مہنگا تمام اقسام کی اشیا ء باآسانی مل جاتی ہیں۔
سرجیکل و میڈیکل مارکیٹ میں مختلف اقسام کی چھوٹی بڑی مقامی طور پر تیار
کردہ اور دیگر ممالک سے منگوائی ہوئی وہیل چیئر، واکراور واکنگ اسٹک سمیت
چھوٹی بڑی مشینیں اور مریضوں کے مختلف بیڈز، مختلف نوعیت کی بیماریوں میں
مبتلا مریضوں کے علاج و معالجے میں استعمال ہونے والی مختلف اشیا مناسب
نرخوں میں دستیاب ہوتی ہیں۔
مارکیٹ کے ایک پرانے بزنس مین جہانزیب شیخ نے بتایا کہ اس مارکیٹ میں مقامی
اور بیرون ممالک میں تیارکردہ دونوں قسم کی اشیا ملتی ہیں ، انہوں نے
بتایا کہ مختلف آپریشنز میں استعمال ہونے والے چھوٹے سرجیکل آلات سیالکوٹ
میں بنتے ہیں جو نہ صرف ملک بھر میں استعمال کئے جاتے ہیں بلکہ بیرون ملک
ایکسپورٹ بھی کئے جاتے ہیں جبکہ مختلف قسم کی الیکٹریکل مکینیکل اور
الیکٹرونک مشینیں چائنہ، جاپان ،تائیوان اور دنیا کے مختلف ممالک سے درآمد
کی جاتی ہیں ،انہوں نے بتایاکہ میڈیکل فرنیچر زیادہ تر کراچی میں ہی تیار
ہوتا ہے جبکہ کچھ مخصوص فرنیچر چائنہ سے منگوایا جاتا ہے۔