اسلام آباد، کشمیر اسٹوڈنٹس الائنس کے زیر اہتمام بھارتی بربریت کے خلاف احتجاجی ریلی
کشمیر اسٹوڈنٹس الائنس کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے
جاری بدترین ظلم وبربریت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی جی پی
او چوک سے ہوتی ہوئی نیشنل پریس کلب اسلام آباد پہنچی۔ ریلی میں طالبات کی
بھی بڑی تعداد شریک تھی۔
ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے
جبکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے نعرے بازی کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے
جاری رہا۔
ریلی کی قیادت سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کررہے تھے۔
اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بسنے
والے کشمیری طلباء کی جانب سے امن مارچ کیا گیا ہے، یہ وقت کی اہم ضرورت
تھی۔ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی ہورہی
ہے۔ پاکستان کے دارالحکومت میں امن مارچ سے ایک طرف دنیا کی توجہ کشمیر پر
مبذول ہوگی تو دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی
ہے ۔ ہم مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم واستبداد کی شدید ترین مذمت
کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور برطانوی پارلیمنٹ کی رپورٹ آگئی ہیں
جبکہ یورپین پارلیمنٹ کی رپورٹ آنے والی ہے جس سے ہم بین الاقوامی ضمیر کو
جھنجھوڑیں گے کیونکہ اب بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے۔