ونڈر ویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان نے نامور اداکارہ ریما خان کو امریکا میں
اپنا سفیر مقرر کیاہے۔ اس حوالے سے پاکستان ٹی وی جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے
اشتراک سے مقامی ہوٹل میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ونڈر
ویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان کی صدر ترانہ سلیم، چیئرمین شیخ راشد عالم،
اداکارہ ریما اور ان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب، سینئر اداکار مصطفی قریشی،
سینئر صحافی وپاکستان ٹی وی جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر اطہر جاوید صوفی کے
علاوہ معززین شہر کی بڑی تعداد شریک تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ راشد عالم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی 51
فیصد خواتین پر مشتمل ہے اور اگر ان کو ساتھ لے کر نہیں چلیں گے اور اس
بات کا شعور ان میں اجاگر نہیں کریں گے کہ یہ اپنا حصہ پاکستان کی ترقی اور
استحکام میں کس طرح ڈال سکتی ہیں تو شاید یہ ملک کبھی بھی ترقی پذیر سے
ترقی یافتہ ملک کا سفر طے نہیں کرسکے گا۔ یہی ہمارا ویژن تھا۔
سینئر اداکار مصطفی قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان فلم انڈسٹری میں رہتے
ہوئے بھی اداکارہ ریما نے بہت مثبت کام کئے، یہ نہ صرف اداکاری کے شعبے میں
بلکہ سماجی خدمات میں بھی پیش پیش رہی ہیں۔
ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بے شمار این جی اوز خواتین کو
معاشرے میں آگے لانے کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کررہی ہیں جو کہ لائق تحسین عمل
ہے۔ بلا شبہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کی آبادی کا 51 فیصد خواتین پر مشتمل
ہے۔
اداکارہ ریما خان کا کہنا تھا کہ جہاں پر ہم آجاتا ہے وہاں تکبر آجاتا ہے
اور وہیں پر زوال ہوجاتا ہے۔ میں نے کبھی بھی تکبر نہیں کیا۔ ہمیشہ کوشش کی
کہ خدمت کروں، سسرال کا دل جیتوں اور یہی وجہ ہے کہ جو لوگ نو بجے کے خبر
نامے کے بعد اپنا ٹی وی بند کردیتے تھے آج ان کو میرے فنکاروں کے نام بھی
معلوم ہیں اور وہ سینما گھروں کی عزت بھی کرتے ہیں۔ شعبہ کوئی برا نہیں
ہوتا، میں نے یہی کوشش کی کہ جتنی بھی میری زندگی ہے اس میں کوئی ایسا کام
کروں کہ لوگوں میں منفرد مقام بنیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بہت کم عمری میں بحیثیت معلمہ کام کا آغاز کیا
اور حادثاتی طور پر میں فلم انڈسٹری کا حصہ بن گئی لیکن آج مجھے فلم
انڈسٹری کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔
تقریب کے اختتام پر اداکارہ کو سفیر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔