Dec 24, 2018 06:30 pm
views : 504
Location : Lahore High Court
Lahore- Lawyers Protest against American NGO's
لاہور، امریکی این جی اوز پر فی الفور پابندی عائد کی جائے، مظاہرین
لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت پاکستان میں کام کرنے والی امریکی
این جی اوز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ہائی کورٹ کے باہر ہونے والے
مظاہرے کے شرکاء وکلاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے
تھے جبکہ مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ بھی مسلسل جاری رہا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم مملکت خداداد اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اغیار
کی پالیسیوں کو ہر گز چلنے نہیں دیں گے۔ امریکا پاکستان میں اپنے پنجے
گاڑنے کیلئے گاہے بگاہے اوچھے ہتھکنڈوں میں مصروف عمل ہے جسے ہر گز برداشت
نہیں کیا جائے گا۔
مظاہرے میں شریک چیئرمین تحفظ ناموس رسالت کمیٹی لاہور ہائی کورٹ بار
صاحبزادہ میاں محمد اشرف عاصمی کا کہنا تھا کہ امریکی این جی اوز پاکستان
میں معصوم لوگوں کی فنڈنگ کرکے اپنے ایجنڈے کو یقینی بناکر ملک کو مستحکم
کرنے کے درپے ہیں۔ ہم چیف چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس کا از خود
نوٹس لیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے این جی اوز کے نام پر فنڈنگ کا سلسلہ
فوری طور پر بند کیا جائے۔
لاہور ہائی کورٹ بار کے ایڈووکیٹ ناصر چوہان کا کہنا تھا کہ ہم عدلیہ اور
پاکستانی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملک میں غیر قانونی طریقے سے فنڈنگ کا
سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔