اوٹاوا،کینیڈین وزیراعظم ٹروڈوکی بدترین سونامی کے شکار انڈونیشیا کو مدد اور تعاون کی پیشکش
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے کہا ہے کہ سونامی سے انڈونیشیا میں بہت
زیادہ تباہی و بربادی ہوئی، سیکڑوں افراد ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں مشکل کی اس
گھڑی میں ہم انڈونیشیا کے ساتھ ہیں اورہر قسم کی مددکیلئے تیار ہیں۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بدترین سونامی سے متاثرہ انڈونیشیا کو
مصیبت کی اس گھڑی میں اپنی مکمل مدد اور تعاون کی پیشکش کی ہے، ان کا کہنا
تھا کہ بدترین سونامی سے انڈونیشیا میں بہت زیادہ تباہی و بربادی ہوئی ہے
اور سیکڑوں افراد ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں ہم انڈونیشیا
کے ساتھ ہیں انہیں جتنی بھی اور جس قسم کی بھی مدد کی ضرورت ہو ہم انہیں
فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔
گذشتہ دنوں انڈونیشیا میں آتش فشاں پھٹنے کے بعد آنے والے سونامی نے تباہی
مچا ئی جس کے نتیجے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 281سے تجاوز کر چکی ہے۔
سونامی سے 800 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد لاپتہ بھی
ہیں۔
انڈونیشیا کے آبنائے سندا میں آنے والے سونامی سے سماٹرا اور جاواتک تباہی
پھیل گئی ہے، بلند ہونے والی سمندری لہریں رہائشی علاقے میں داخل ہوگئیں
جنہوں نے تباہی مچا دی ہے۔گزشتہ روز آنے والے سونامی کے بعد متاثرہ علاقوں
میں جگہ جگہ تباہی کے مناظر نظر آ رہے ہیں، سڑکوں پر گاڑیاں اور ملبہ پڑا
ہوا ہے۔
انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ سڑکیں بلاک ہونے اور پانی کی وجہ سے متاثرہ
علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں شدید مسائل کا سامنا ہے جبکہ مریضوں کی
غیر معمولی تعداد کی وجہ سے اسپتالوں میں بھی مسائل کا سامنا ہے۔