بانی پاکستان قائد اعظم ؒ کے 143 ویں یوم پیدائش کے موقع پر وفاقی وزیر
ریلوے شیخ رشید احمد نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد
کا کہنا تھا کہ آج ہم عظیم شخصیت کے مزار پر حاضری کیلئے آئے ، جس نے ہمیں
ایک بہت خوبصورت ملک بڑی جدوجہد کے بعد دیا۔ یہ ہماری بدنصیبی ہے کہ اس ملک
میں چور چوکیدار اور چوہدری بن گئے، کرپٹ لوگ خانہ نمبر دو سے خانہ نمبر
ایک میں آگئے اور اس ملک کی معیشت کو نوچا اور ملک کی سیاست پر قبضہ کیا۔
شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ لوٹی ہوئی دولت کے سہارے بیس کروڑ
لوگوں کی زندگی کو ایک امتحان میں ڈالا گیا۔ عمران خان کی حکومت میں ہماری
پوری کوشش ہوگی کہ سارے چور ، ڈاکو اور لٹیرے قانون کے شکنجے میں آئیں جس
طرح ہمارے ملک کو انہوں نے نوچا اور لوٹا ہے اسی طرح قانون کے دائرے میں
لایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے مجھے سو فیصد امید ہے کوئی این آر او نہیں
ہوگا۔ شہباز شریف نے ہلکی پھلکی موسیقی دکھائی ہوئی ہے اور گوٹی فٹ کی ہوئی
ہے لیکن میرے شدید تحفظات ہیں کہ جس کالونی میں منتخب وزیر رہتے ہیں اسی
میں یہ چور رہتا ہے۔ چین کے دورے کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ شہباز
شریف نواز شریف سے بہت بڑا ڈاکو ہے لیکن وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے والے اس
ملک کی سیاست میں کامیاب ہوتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی وکٹ کے دونوں طرف
کھیلتے ہیں اور اپنے فارمولوں کے وہ خود موجد ہیں۔