بانی پاکستان قائد اعظم ؒ کے 143 ویں یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ
عمران اسماعیل اور وزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ کے دیگر
اراکین کے ہمراہ مزار قائد اعظم ؒ پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر
سندھ اور وزیرا علیٰ سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند
کئے۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ جس پاکستان کی خواہش اور جو وژن قائد اعظم ؒ
نے دیا تھا اور جو اقبال کے خوابوں کی تعبیر تھا اس کی تکمیل میں جو اللہ
نے ہمیں طاقت دی وہ صرف کریں گے۔ ہماری خواہش ہے کہ ایسا پاکستان ہم آنے
والی نسلوں کیلئے چھوڑیں جس میں ترقی ہو، نوکریاں ہوں، معیشت بہتر ہو اور
لوگ اس پاکستان کو چھوڑ کر باہر جانے کی خواہش کا اظہار نہ کریں، پاکستان
کی چالیس فیصد یوتھ گریجویشن کے بعد پاکستان سے باہر جانے کا خواب دیکھتی
ہے، وہ ان مواقعوں کو ڈھونڈتی ہے جو آج پاکستان میں نہیں ہیں اور اس کے ذمہ
دار آج ہم سب ہیں۔
اس موقع پر وزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ امن وامان کی
صورتحال ماضی سے قدرے بہتر ہے۔ جب اس صوبے اور شہر میں روزانہ کی بنیاد پر
درجنوں لاشیں گرا کرتی تھیں۔ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مسلح افواج، پولیس
اور رینجرز کے ساتھ مل کر ایک کوشش تھی جو آرمی پبلک اسکول کے سانحے کے بعد
ادھر شروع کی گئی تھی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک بھی اس شہر
سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کررہے ہیں۔