وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اکٹھے ہورہے
ہیں اور ہم چپ کرکے بیٹھ گئے ہیں تاہم یہ صورتحال تشویش ناک ہے۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں امن و امان پر اجلاس
ہوا جس میں چیف سیکرٹری، مرتضیٰ وہاب، ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ اور
ہوم سیکرٹری سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 6 ہفتوں میں 6 واقعات ہوئے،
پہلے قائد آباد کا واقعہ، چائنیز قونصل خانے پر حملہ، ایم کیو ایم کی محفل
میلاد پر حملہ، ڈیفنس میں کار بم دھماکہ، پی ایس پی کے کارکنان شہید ہوئے
اور اب یہ علی رضا عابدی والا واقعہ پیش آیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے برہمی کا
اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال تشویش ناک ہے، یہ دہشت گرد اکٹھے ہورہے
ہیں اور ہم چپ کرکے بیٹھ گئے ہیں، کراچی کےشہریوں کو خوف کے ماحول میں رہنے
نہیں دینگے، ہرصورت شہریوں کا تحفظ چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ گرفتار ہوجائیں گے نہیں مجھے قاتل
گرفتار چاہیئں، ہمیں سوچنا اور دیکھنا ہوگا کہ کوتاہی کہاں ہے، دہشت گردی
کے سب سے زیادہ واقعات ضلع جنوبی میں ہوئے۔