کراچی، جہانگیر پارک تعمیر نو کے بعد تفریح کی بہترین جگہ بن گیا، چڑیا گھر بھی قائم
کراچی کے
علاقے صدر کی مرکزی اور قدیم ایمپریس مارکیٹ سے ملحقہ جہانگیر پارک کا
منظر کسی زمانے میں کسی اجڑے ہوئے گھر یا جنگل جیسا لگتا تھا جسے بعد میں
نشہ کرنے والوں سمیت رکشے ٹیکسیاں چلانے والوں نے اپنا مسکن بنالیا تھا
لیکن اب ایسا بالکل نہیں ہے۔
گذشتہ
سال سندھ حکومت کو صدر کی بہتری کے منصوبے کے دوران جہانگیر پارک کو بھی
دوبارہ پارک یا تفریحی مرکز بنانے کا خیال آیا تو اسے عملی جامع پہنادیاگیا
اور جہانگیر پارک کی زمین پر ایک خوبصورت پارک کے ساتھ ساتھ ایک چھوٹا سا
چڑیا گھر بھی قائم کردیا گیا ۔
جہانگیر
پارک کی دوبارہ مرمت اور تزئین و آرائش کے بعد اب صدر کے رہائشیوں سمیت
ارد گرد کے علاقوں میں رہنے والوں اور ان کے بچوں کو شام کے وقت تفریح کی
بہترین جگہ گھر کے قریب مل گئی ہے جس پر وہ سب بہت خوش ہیں۔
جہانگیر
پارک میں حکومت نے نہ صرف ایک چھوٹا ساچڑیا گھر قائم کیا ہے بلکہ بچوں کے
کھیلنے کیلئے جھولے لگاکر پلے لینڈ بنادیا ہے،جہانگیر پارک میں جانوروں کے
آرائشی نمونوں سمیت کھانے پینے کے اسٹال بھی لگادیئے گئے ہیں۔
جہانگیر
پارک میں جادو کے کرتب دکھانے والے جمال شاہ کا کہنا تھا کہ وہ کرتب دکھا
کر بچوں کا دل خوش کردیتا ہے ، پہلے یہاں کوئی نہیں آتا تھا اب لوگ اپنے
خاندانوں سمیت گھومنے آتے ہیں۔
جہانگیر
پارک میں تعینات سیکیورٹی گارڈ خاتون کا کہنا تھا کہ لوگ صفائی ستھرائی
کاخیال نہیں رکھتے اور منع کرنے کے باوجودبہت گندگی پھیلاتے ہیں،ہم بس اندر
آنے والوں کی تلاشی لیکر ان کا سامان چیک کرتے ہیں ۔