وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ 172 افراد یہ جو چالیس
چوروں کا کردار ادا کررہے تھے پاکستان میں منی لانڈرنگ ،کرپشن اور کک بیک
کے ذریعے سے اور پاکستان کا خزانہ یاجوج ماجوج کی طرح لمبی زبانوں سے چاٹ
چاٹ کر ختم کررہے تھے پی ٹی آئی کی حکومت نے عمران خان کی قیادت میں ان
چالیس چوروں کے اوپر علی بابا کا کردار ادا کرتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل
میں ڈالا اور جے آئی ٹی بناکر ان کے سرغنہ آصف علی زرداری اور آل زرداری،
نواز شریف اور آل شریف ساروں کو بے نقاب کیا۔
بہاولپور میں پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں
سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کا
مستقبل یہ ہے کہ وہ جیل میں میوزک کی کلاسیں لیں گے اور آصف زرداری کے بارے
میں آپ کو یاد ہوگا کہ پچھلے سال پریڈ گراؤنڈ میں آب حیات کی چسکی لگاکر
انہوں نے مائیکل جیکسن کی طرح رقص کیا تھا، میں سمجھتا ہوں کہ شاید اب وہ
ڈانس کی کلاسیں لیں گے، سیاست کے اندر اب ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے، کوئی
چور، ڈاکو، نوسرباز اور کرپٹ سیاستدان کہ جو دھرتی ماں اور پاکستان کے
خزانے کو لوٹتا رہا، جن کے چہروں کی سرخیاں میرے اور عوام کے ٹیکسوں کا
پیسہ چوس کر آتی تھیں اب دوبارہ پاکستان کی سیاست میں پروان چڑھتے نظر نہیں
آئیں گے۔