کراچی
کے شہریوں کاکہنا ہے کہ حکومت نے پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آٹے میں
نمک کے برابر کمی کرکے احسان نہیں کیا ہے ، عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں
پاکستان میں اب بھی پیٹرول کی قیمتیں بہت زیادہ جنہیں مناسب قیمتوں پرلاکر
عوام کی جیب پر مارا جانے والا ڈاکا ختم کیا جاناچاہیے۔تبدیلی کا نعرہ
لگانے والی نئی حکومت سے بہت اچھی امیدیں تھیں لیکن یہ نئے حکمران بھی عوام
کو خاطرخواہ ریلیف دینے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
موٹر
سائیکل میں پیٹرول ڈلوانے والے عثمان الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ 4روپے کم
کرکے احسان جتایا گیا ہے ، عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں تو اس قیمت 60روپے
سے بھی کم ہونی چاہیے تھی لیکن عوام کو ریلیف دینے کیلئے تیار نہیں ہے،
اگرعوام کی واقعی مدد کرنی ہے تو چار نہیں چالیس روپے کم کئے جائیں۔
لوڈنگ
سوزوکی چلانے والے نور محمدکا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافہ اونٹ کے برابر
جبکہ کمی رائی کے دانے کے برابر کی جاتی جس کاکوئی فائدہ نہیں ہے، اگر
عوام کو حقیقی ریلیف دینا چاہیں تو پھر جس حساب سے اضافہ کیا جاتا ہے اسی
حساب سے کمی بھی کی جائے تو غریب کوفائدہ مل سکتا ہے۔ پیٹرول مہنگا ہے ،سی
این جی بند کرکے دہری مصیبت میں ڈال دیا گیا ہے کچھ سمجھ نہیں آتا کہ کیا
کیا جائے۔