Jan 02, 2019 05:44 pm
views : 504
Location : Domestic Place
Lahore- Information Minister Punjab Fayyaz ul Hassan Chohan Press Conference
لاہور، جنہیں کھادیاں گاجراں انہاں دے ٹڈ وچ مروڑ ، فیاض الحسن چوہان
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اندر کرپشن
کی بارات مفاہمت کی سیاست کی ٹرین میں سوار ہو کر اپنی منزل مقصود کی طرف
رواں دواں تھی، منی لانڈرنگ کا ڈھول ،کک بیکس کا باجا اور کمیشن کی بانسری
بجاتے ہوئے بڑے احتشام سے مفاہمت کی سیاست میں سوار ہوکر بارات جارہی تھی
کہ 2018ء کے انتخابات کے پل سے نہر میں گر گئی اور نہر میں احتساب کا پانی
ہے، سارے باراتی احتساب کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، بس گلا باہر ہے وہاں سے
چیخ چیخ کر اٹھارویں ، انسویں اور بیسویں ترمیم کا رونا رورہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا
تھا کہ اس میں عمران خان، پی ٹی آئی اور ہمارا کوئی قصور نہیں ہے، پنجابی
میں مثال ہے کہ جنہیں کھادیاں گاجراں انہاں دے ٹڈ وچ مروڑ ، اب کرپشن کی
گاجریں انہوں نے رج کر کھائیں ہیں اور اب کھانے کے بعد جب ان کا درد شروع
ہوا تو علاج تو ہوگا، علاج تو اب ڈاکٹر کی صورت سپریم کورٹ، احتساب عدالت
اور نیب سمیت دیگر ادارے کررہے ہیں لیکن مفت کا ہمیں قصور وار ٹھہرایا
جارہا ہے۔ چالیس سال جو کیا ہے ، وہ بھگتنا پڑے گا، جیسا کرو گے ویسا
بھروگے کے مصداق آپ کو سب چیزوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ہم سب کی دھرتی ماں ہے، عمران خان اور پی
ٹی آئی کو پاکستان کی بائیس کروڑ عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، گزشتہ چالیس
سالوں سے جن چوروں اور ڈاکوؤں نے رام رام سپنا پرایا مال اپنا کے مصداق
پاکستان کے خزانے کو لوٹا ہے اس لئے عمران خان کو کرپٹ اور بدیانت
سیاستدانوں کا احتساب کرنے کیلئے مینڈیٹ ملا ہے، وزیر اعظم عمران خان اپنا
حق نمائندگی پوری دیانت داری سے پورا کریں گے۔