ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ترک صدرکی دعوت پر دو روزہ دورے پرترکی روانہ ہوئے
ہیں، ان کے ہمراہ اعلی سطح کا وفد بھی ہے، وزیراعظم ترک حکام سے وفود کی
سطح پر مذاکرات کریں گے۔ وزیرخارجہ نے افغان مفاہمتی عمل پر ہمسایہ ممالک
کو اعتماد میں لیا، انہوں نے پاکستان کی سہولت کاری بارے بھی آگاہ کیا،
ہمسایہ ممالک نے افغان فریقین کے باہمی روابط کی پاکستانی تجویز کی حمایت
کی ہے، وزیرخارجہ نے دورہ قطر کے دوران دوطرفہ تعلقات پربات کی، وزیراعظم
عمران خان بھی جلد قطر کا دورہ کریں گے۔
دفترخارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل کا مزید کہنا تھا کہ کلبھوشن کا مقدمہ اس وقت عدالت میں ہے، اس
حوالے سے خبریں حقائق کے برعکس ہیں، ہم عدلیہ کے احترام میں اس پر تبصرہ
نہیں کریں گے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے عام انتخابات میں حسینہ
واجد کی دوبارہ کامیابی کا خیر مقدم کرتا ہے، توقع ہے کہ 1974 کے سہہ فریقی
معاہدے کے تحت مثبت انداز میں آگے بڑھیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل پر
مذاکرات کی بات کرتا ہے ، ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر قائم مقام
بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا گیا ہے، بھارت اقوام متحدہ
کے مبصر مشن کو لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں جانے کی اجازت دے۔ سرجیکل
اسٹرائیکس کبھی نہیں ہوئیں، بھارتی میڈیا خود بھی بھارتی دعوے کی نفی کر
چکا ہے۔