پشاور، صدر میں دھماکا،2 خواتین سمیت 6 افراد زخمی
پشاور کے علاقے صدر میں کالا باڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا جب کہ کئی گاڑیاں
بھی تباہ ہوگئی ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو
گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ پولیس، ریسکیو اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے
وقوعہ پر پہنچ گئے۔
دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں،
دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت ابراہیم ولد بدی گل، محمد فاروق ولد
دین محمد، رحمت گل ولد بادام، عمیر ولد پرویز، مختیارہ بی بی ولد جمیل اور
روبیہ ولد فرانسس کے نام سے ہوئی ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو
ایل آر ایچ منتقل کیا گیا جب کہ تین کو کینٹ جنرل اسپتال سے ریفر کیا گیا
ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران سی سی پی او پشاور قاضی جمیل کا
کہنا تھا کہ دھماکے میں سفید رنگ کی گاڑی استعمال کی گئی جس میں 8سے 10 کلو
دھماکا خیز مواد رکھا گیا تھا۔ اےآئی جی بی ڈی یو شفقت ملک کا کہنا ہے کہ
گاڑی کے اندر مختلف حصوں میں بارودی مواد لگایا گیا تھا تاہم بارودی مواد
میں بال بیرنگ موجود نہیں تھے۔