ہنزہ۔گلگت کے نواحی علاقوں میں 11 سال بعد برفباری نے جلوہ دکھادیا
بالائی علاقوں میں طوفانی برفباری سے نظام زندگی منجمد ہوگیا ہے۔ گلگت کے نواحی علاقوں میں 11 سال بعد برفباری نے جلوہ دکھایا ہے۔ مالم جبہ، کالام،مری،اسکردو میں کئی انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ بٹگرام اور مانسہرہ کے درمیان چھتر پلین میں سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ استور، سکردو، ہنزہ میں رابطہ سڑکیں بند ہیں۔مری میں رات سے شروع ہونے والی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی شدید برف باری ہوئی ہے۔ لاہور،اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔ گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پربارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑسکتی ہے۔