اسلام آباد،اماراتی ولی عہد پاکستان پہنچ گئے، وزیر اعظم عمران خان نے استقبال کیا
متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کے ایک روزہ مختصردورہ پرپاکستان پہنچے،ان کے طیارے نے نور خان ائیربیس پر لینڈ کیا جہاں ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا، استقبال کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زیدالنہیان کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نور خان ائیربیس سے مہمان کو خود ڈرائیوکرکے وزیراعظم ہاؤس لیکر گئے۔وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پہلے متحدہ عرب امارات پھر پاکستانی قومی ترانے کی دھنیں بجائی گئیں اور معزز مہمان کو فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی،ولی عہد نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔
ابوظہبی کے ولی عہد اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعدازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اورامارات کی اعلیٰ قیادت کے درمیان 3 ماہ میں ہونے والی یہ تیسری ملاقات ہے۔ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان کے مختصر دورے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔