بدین، مجھے کرکٹ نہیں آتی تو کھیلتا بھی نہیں ہوں‘آصف زرداری
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے وفاقی حکومت کوتنقید کانشانہ بناکرکہا ہے کہ نوکری نہیں آتی تو کرتے کیوں ہو ، الزام لگاؤ پھانسی چڑھادو لیکن یہ کیا بکری چوری جیسے الزامات لگارہے ہو، مجھے کرکٹ نہیں آتی تو کھیلتا بھی نہیں ہوں۔
سابق صدر آصف زرداری نے ضلع بدین کے علاقے کپری موری میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آپ کوششیں جاری رکھیں ، ہم مقابلہ جاری رکھیں گے، ایک نہیں پچاس کیس بناﺅ، پہلے بھی اتنے کیسز بھگتے ہیں ، مجھے اور عوام کو فرق نہیں پڑتا، میں سامنا کروں گا۔ پانچ سال میں تو آم کا باغ تیار نہیں ہوتا، ملک کیسے تیار کرو گے؟غیرسیاسی مقامات پر بیٹھے لوگوں کو یہ بات سمجھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی باتیں ہیں،بکری شکری یہ ڈرامہ ہے،الزام لگانا ہے تو یہ لگاؤ کہ میں نے کے پی کو شناخت دی،میں کہتا تھا کہ الزام لگاؤ کہ میں نے تمام صوبوں کو اختیار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے عوام کو کیا چاہیے،اس لیے عوام ہمیں ووٹ دیتے ہیں،بی بی عوام کی ذمے داری مجھ پر چھوڑ گئی ہے،لوگ آپ کےساتھ کام نہیں کرنا چاہتے،ہم کام کریں گے۔ہمارے خاندان نے طے کیا ہے کہ بی بی کا مشن آگے لیکر جانا ہے،ہم جیلوں سے بھی کامیاب ہوتے ہیں،شرجیل میمن جیل سے کامیاب ہوا۔