کراچی کے قریب پاک فوج کی جنگی مشقیں ال بیضا 2019ء ختم ہوگئیں۔ آرمی چیف
جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور
نے مشقیں دیکھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیفنس فائرنگ رینج میں دو ہفتے تک
جاری رہنے والی مشقوں میں ہر قسم کے ہتھیاروں کا مظاہرہ کیا گیا۔ طویل
فاصلے تک مار کرنے والے ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم ایل وائی 80 کی شمولیت مشقوں
کا اہم حصہ تھا۔ اس کا پہلی مرتبہ استعمال کیا گیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایل
وائی 80 فضائی دفاعی نظام میں اہم اضافہ ہے۔ پاک فضائیہ کے ساتھ مل کر
فضائی سرحدوں کی حفاطت کررہے ہیں۔
اس موقع پر کور کمانڈر کراچی، کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ سمیت دیگر اعلیٰ عسکری قیادت بھی موجود تھی۔