واشنگٹن، شام سے ایک ایک ایرانی جنگجو کو نکال باہر کیا جائے گا، امریکی وزیر خارجہ
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ شام سے ایک ایک ایرانی جنگجو کو نکال باہر کیا جائے گا۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو
کا کہنا تھا عسکریت پسندوں کا خاتمہ کریں گے، جب تک شامی صدر بشار الاسد
کے زیرکنٹرول علاقوں سے ایرانی اور اس کے لیے برسرپیکار قوتیں باہر نکل
نہیں جاتیں اس وقت تک امریکا ان علاقوں کی تعمیر نو کے لیے امداد نہیں دے
گا۔
خطاب کے دوران امریکی وزیرخارجہ نے سابق صدر اوباما کی مشرقی وسطیٰ
پالیسیوں پر تنقید بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ اوباما نے سنگین غلطیاں کی
تھیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران پر
اپنا دباؤ بڑھانے کے لیے کوشاں ہے، ایرانی پالیسی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا تہران میں ایرانی قیادت پر اپنا سفارتی اور
تجارتی دباؤ دوگنا کر دینے کی کوششیں کر رہا ہے، تاکہ ایران اپنی سرگرمیوں
سے باز آجائے۔