کراچی، منی بجٹ 23 جنوری کو پیش کیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ منی بجٹ 23 جنوری کو پیش کیا جائے گا۔
کراچی چیمبر آف کامرس میں صنعتکاروں سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے
بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سیچوریٹری ریگولیٹری آرڈرز
(ایس آر او) کے اجراء کا اختیار ختم کردیا گیا ہے جبکہ ماضی میں قلم کی ایک
جنبش سے ایس آر او جاری کیا جاتا رہا ہے۔
وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ منی بجٹ میں ٹیکس بے ضابطگیوں کو دور کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکسوں کے حوالے سے ہر قسم کی تبدیلی پارلیمنٹ کی منظوری سے ہوگی۔
ملاقات کے دوران صنعتکاروں کی جانب سے ایف بی آر کے نچلے سطح کے افسران کو اختیارات دیئے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
صنعتکاروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرخزانہ نے بتایا کہ
اکیسویں صدی میں معیشت کو نجی شعبہ چلاتا ہے، لہذا ہمیں ترجیحات کے مطابق
فیصلے کرنے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہم ایسا ماحول قائم نہیں کریں گے، جس میں نجی
سرمایہ کاروں کو بہتری نظر نہ آرہی ہو تو وہ چاہے کتنے ہی محب وطن کیوں نہ
ہوں، ایک حد سے زیادہ سرمایہ کاری نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 23 جنوری کو پیش کیے جانے والی فنانس بل میں کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فوائد نظر آئیں گے۔