پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج میں
کوٹری برج اور جامشورو فلائی اوور برج کا افتتاح کرنے آیا ہوں۔ سندھ حکومت
نے یہ دونوں پروجیکٹس عوام کی فلاح کیلئے بنائے ہیں۔ سندھ حکومت وہ واحد
حکومت ہے جس نے گورننس اور ڈلیوری کو اپنی ترجیح بنایا۔
کوٹری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا
کہ دریائے سندھ پر برجز ہوں یا ہزاروں کلو میٹر تک لمبی معیاری سڑکوں کا
جال ہو، پانی کی بچت کیلئے کینالز کی لائننگ ہو یا کسانوں کو سبسڈی ،
تھرکول میں مقامی لوگوں کو روزگار دینا ہو یا پورے صوبے میں معیاری طبی
سہولیات ہو ہم نے صرف عوام کی خدمت کی اور اسی خدمت کا نتیجہ ہم آج بھگت
رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سچ تو یہ ہے کہ پی ٹی آئی کو حکومت صرف دھاندلی
کی وجہ سے ملی ہے۔ وہ ہم سے فری اینڈ فیئر الیکشن میں جیت نہیں سکتے ،وہ
ہمارے کاموں اور خدمت کا مقابلہ نہیں کرسکتے ،وفاق کا سلیکٹو وزیر اعظم اور
پنجاب کا بزدار سندھ کا مراد علی شاہ سے میرٹ پر مقابلہ نہیں کرسکتا۔