پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماہرین نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ہے۔
کوٹ لکھ پت جیل لاہور میں العزیزیہ اسٹیل مل کیس
میں سزا کاٹنے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو گزشتہ کچھ روز سے دل میں
تکلیف کا سامنا تھا، نواز شریف کو ان کی طبیعت کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب
انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا۔
نواز شریف کی اسپتال آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے،
ایمرجنسی وارڈز کے داخلی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات کی گئی جب کہ
مریضوں کے تیمارداروں کو وارڈ سے باہرنکال دیا گیا اور مریضوں کےلئے متبادل
انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پی آئی سی نے دیگر ماہرین کے ہمراہ
نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی کے ماہرین کی ایکو رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے
دل کے پٹھے معمول سے تھوڑے زیادہ سخت ہیں، اس کے علاوہ ان کی ای سی جی
رپورٹ بھی تسلی بخش نہیں ہے۔
دوسری
جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینکڑوں کارکنان پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف
کارڈیالوجی کے باہر جمع ہوگئے اور اپنے قائد نواز شریف کی صحت یابی کیلئے
دعائیں کیں۔ کارکنان نے اپنے ہاتھوں میں نواز شریف کی تصاویر اور پلے کارڈز
اٹھائے ہوئے تھے۔