Jan 22, 2019 04:44 pm
views : 504
Location : Domestic Place
Karachi- 26 perish in Hub bus fire sparked by crash
کراچی، حب کے قریب مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم، جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب کے قریب بیلہ کراس پر مسافر کوچ اور
ٹرک کے درمیان تصادم کے بعد آگ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی
جبکہ واقعے میں 15 افراد زخمی بھی ہیں۔مسافر کوچ میں لگ بھگ 40 افراد سوار تھے جو کراچی سے پنجگور جارہی تھے کہ
بیلہ کراس کے مقام پر اس کا ٹرک سے تصادم ہوگیا، ٹرک میں ایرانی ڈیزل ہونے
کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔
آگ اتنی شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے سب کچھ جل کر خاکستر ہوگیا اور
واقعے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ایک زخمی بعد ازاں زخموں کی تاب نہ
لاتے ہوئے چل بسا۔
ابتدائی طور پر ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان علی نے
حادثے میں 26 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔ایس ایس پی لسبیلہ کے
مطابق سانحہ بیلہ میں جاں بحق 7 افراد کی شناخت ہوگئی، جنہیں ان افراد کے
ورثا نے شناخت کیا۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں شناخت ہونے والے افراد
کی لاشیں ان کے ورثا کے حوالے کردی گئیں۔اس سے قبل حادثے میں زخمیوں کو
مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی گئی
تھی۔
حادثے کے شدید زخمیوں کو علاج کے لیے کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا
تھا، تاہم ایمبولینس نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کراچی منتقل کرنے میں تاخیر
ہوئی تھی۔ریسکیو اہلکاروں نے بس میں موجود مزید افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں کی
تھی جبکہ ان کی طرف سے کوچ اور ٹرک میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کی گئی تھی۔
انچارج ریسکیو سعد ایدھی کا کہنا تھا کہ 26 کے قریب لاشیں ایدھی سرد خانے
منتقل کردی گئی ہیں ، یہ ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے ہدایت کے مطابق ہسپتالوں میں
بھجوائی جائیں گی۔ اس کے بعد ڈی این اے ٹیسٹ ہوں گے اور وہ اسلام آباد
جائیں گے ، بعد ازاں ڈی این اے کے رزلٹ آئیں گے اس کے بعد جیسا حکومت فیصلہ
کرے گی ہم اس فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔