صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس پریشر میں کمی، اضافی بلوں اور میٹرز کی
تبدیلی کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔پریس کلب کے سامنے ہونے
والے مظاہرے کے شرکاء اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے
جبکہ مظاہرین کی جانب سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف شدید نعرے بازی کا
سلسلہ بھی جاری رہا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس میٹرز کی تبدیلی،
بلوں میں ناجائز جرمانے کسی صورت قبول نہیں کئے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے
زبردستی گیس کے میٹرز تبدیل کئے جارہے ہیں۔
گیس کمپنی نئے میٹرز لگا کر جرمانے کررہی ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گیس کے تیز رفتار میٹر لگانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
مظاہرے
میں شریک ایک شہری محمد عثمان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں گیس ہے ہی نہیں،
مگر غریبوں کو بھاری بل بھیج کر پریشان کیا جارہا ہے۔ ہم تنخواہ دار لوگ
ہیں، ہم گھر کا راشن پورا کریں یا بل والوں کی بدمعاشی پوری کریں۔حالات
اسی طرح رہے تو غریب عوام سڑکوں پر نکلیں گے اور بلوں کو پریس کلب کے سامنے
نذر آتش کرینگے۔