Jan 26, 2019 04:30 pm
views : 429
Location : Domestic Place
Karachi- India Celebrates Republic Day, Black down in occupied Kashmir
کراچی، بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر بھی مقبوضہ کشمیر لہو لہو
بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر بھی مقبوضہ کشمیر لہو لہو ہے، بھارتی بربریت
و استبداد اور ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں آج مزید دو کشمیری شہید
ہوگئے۔ سری نگر کے علاقے خونموہ میں بھارتی فورسز نے بربریت اور جارحیت کا
مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 2 کشمیریوں کو شہید
کردیا۔
مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال جبکہ کاروباری مراکز ، تعلیمی ادارے بند اور
ٹرانسپورٹ معطل ہے۔ گھر گھر سیاہ پرچم لہرادیئے گئے جبکہ بھارتی فوج نے
کرفیو نافذ کرکے وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔
کشمیری سرگرم رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں
کہا ہے کہ بھارت 71 برس سے یوم جمہوریہ کو منارہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ
گزشتہ 71 برس سے نہتے کشمیری روزانہ بھارتی ظلم وجبر کا سامنا کررہے ہیں،
بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کو سلب کررہا ہے، معصوم کشمیریوں کو لہو
لہو کرکے بھارت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ یوم جمہوریہ منائے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حکومت پاکستان سے مطالبہ
کیا ہے کہ سال 2019ء کو کشمیر کی آزادی کے سال کے طور پر منائے ، ہماری
تجویز ہے کہ ایک نائب وزیر خارجہ ہو جس کا ایک ہی کام ہو اور وہ کشمیر کی
آزادی کیلئے ساری دنیا میں کام کرے ، ہم یہی چاہتے ہیں کہ حکومت پاکستان
قومی اسمبلی اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے، کشمیر کی آزادی کے حوالے سے
ریاستی روڈ میپ تشکیل دیا جائے ،جون میں بجٹ آرہا ہے اس روڈ میپ کیلئے بجٹ
میں ایک حصہ رکھا جائے، ساری دنیا میں لابنگ کرنا، جرگے اور وفود بھیجنا،
ہر جگہ کشمیر ڈیسک کو فعال بنانا، ساری دنیا کی انسانی حقوق کی علمبردار
تنظیموں کو سرگرم کرنا، آزاد کشمیر کو خوشحال خطہ بنانا، مہاجرین کے بڑے
بڑے مسائل کو حل کرنا اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں متاثرہ خاندانوں،
یتیموں، بیواؤں اور ہسپتالوں میں موجود بے شمار زخمیو ں کو سپورٹ کرنا
حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے۔کشمیری ہمارے ہیں اور ہم کشمیریوں کے ہیں،
خون کے آخری قطرے تک پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔