مونٹریال میں ہزاروں لوگوں کا کیوبیک حکومت کے سیکولرزم بل کے خلاف احتجاج
مونٹریال میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے کیوبیک حکومت کے سیکولرزم بل کے خلاف احتجاج کیا اور یک جہتی کے نعرے لگائے۔ ہجوم نے کیوبیک ہمارا گھر ہے ، کے نعرے لگائے اور ملازمتوں پر مذہبی علامات کے استعمال پر پابندی کی قانون سازی کے خلاف مارچ کیا۔ مظاہرین میں ایمن دربالی بھی شامل تھے جو کہ جنوری 2017میں کیوبیک میں مسجد میں فائرنگ میں شدید زخمی ہوئے تھے جس میں چھ مسلمان شہید ہوگئے تھے۔
دربالی جو کہ فائرنگ میں معذور ہوگئے تھے اور اب ویل چئیر استعمال کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کو کم کرنے کے بجائے حکومت ایسی امتیازی قانون سازی کررہی ہے جو کہ غیر منصفانہ طور پر مسلمان خواتین کو ہدف بنا رہی ہے۔ مونٹریال کی سکھ برادری کے رکن تارا سنگھ کا کہنا تھا کہ کیوبیک میں سیاسی جماعتیں ہمیں تقسیم کررہی ہیں۔ایک 21سالہ طالبہ سلسبیل ہمیہم کا کہنا تھا کہ مجوزہ بل انکی شناخت پر حملہ کررہا ہے۔
احتجاج میں مسلمان ، سکھ ، یہودی اور چینی برادریوں سمیت متعدد ثقافتی گروپس کے نمائندوں نے حصہ لیا جو کہ متنازعہ اسلامی معلم کی جانب سے منعقد کیا گیا جن پراوٹاوا کی جانب سے دہشت گردوں کے ساتھ تعلقات رکھنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ کیوبیک حکومت کا کہنا تھا کہ بل مناسب اورکیوبیک کے لوگوں کے اقدار کے مطابق ہے۔ گزشتہ ہفتے فرانسس لیگالٹ کا کہنا تھا کہ یہ بل مذہبی آزادی کو ختم نہیں کرتا ہے۔