واشنگٹن، ٹرمپ نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی، شاہ محمود قریشی
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے امریکا کے دروازے کھل چکے ہیں،پاک امریکا تعلقات میں جو سرد مہری آئی تھی اس میں بہتری آئی ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ ازسر نو تعلقات کے لیے سنجیدگی کے ساتھ آئے ہیں، ہم مل کر کوشش کررہے ہیں کہ تعلقات میں بہتری آئے اور اب ہمارے لیے دروازے کھل چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے جس کو انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ فاٹا الیکشن کے ساتھ دنیا کو بہت بڑا سگنل دیا گیا، جو علاقہ غیر تھا وہاں انتخابات کروائے گئے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی فاٹا انتخابات کو کامیابی قرار دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ماضی سے ہٹ کر پاکستان سے نیا رشتہ استوارکرنا اور مستقبل میں پاکستان کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا گیا، وزیراعظم نے ہمیشہ افغان مسئلے کے فوجی حل کی مخالفت کی لیکن ملاقات میں وزیراعظم کے مؤقف کی تائید کی گئی۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت کے درمیان امن دونوں ممالک کے عوام کی خواہش ہے، اس معاملے میں بڑی رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے، دہشت گردی کی مالی معاونت بھی بڑا مسئلہ ہے، ہم ان دونوں چیزوں میں پیش رفت چاہتے ہیں، منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام پر ہم نے اعتماد پیدا کیا ہے۔