کراچی، ہم حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کر رہے ہیں،بلاول
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے 25 جولائی کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے ن لیگ کے ساتھ میثاق جمہوریت پر دستخط کیے، پاکستان کا متفقہ آئین بھٹو شہید نے مفتی محمود دیگر کے ساتھ مل کر بنایا، لیکن آج جمہوریت خطرے میں ہے۔
کراچی کے باغ جناح میں اپوزیشن کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 25 جولائی کو ہم پر ایک سلیکٹڈ حکومت مسلط کی گئی، سلیکٹڈ حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا، مہنگائی کا بم گرایا، اس لئے کہ ملک کا ہر طبقہ حکومت کے نشانے پر ہے، اس وقت صرف ایک صوبہ ہی نہیں پورا وفاق نشانے پر ہے، غربت نہیں غریب نشانے پر ہے، اس وقت کاروبار ہی نہیں غریب کی جیب بھی نشانے پر ہے،میڈیا ہی نہیں میڈیا کی آزادی بھی نشانے پر ہے۔ چند قوانین ہی نہیں پورا آئین نشانے پر ہے۔ ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ہمارے صوبے دیوالیہ ہورہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مرضی کا نتائج حاصل کرنے کے لئے آر ٹی ایس سسٹم ہی بند کردیا جائے، لیاری سے لے کر نائن زیرو تک کا مینڈیٹ چوری کرلیا جائے۔ ہم اس فراڈ الیکشن اور جعلی حکومت کو نہیں مانتے، نالائق اور نااہل عمران خان وزیراعظم بننے کے اہل ہی نہیں، جب تک سلیکشن ہوتے رہیں گے تب تک کٹھ پتلی حکومتیں بنتی رہیں گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے آج ہم پھر سے ایک ہوگئے ہیں، جمہوریت خطرے میں ہے، کوئی ایک سیاسی جماعت پاکستان کے مسائل کا حل اکیلے نہیں نکال سکتی۔