Jul 26, 2019 12:00 pm
views : 266
Location : Domestic place
Pakistan managed to convince US in equality level: PM
پاکستان برابری کی سطح پر امریکا میں خود کو منوانے میں کامیاب رہا، وزیراعظم
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، وزیراعظم نے کابینہ کو دورہ امریکا پر اعتماد میں لیا، ان کا کہنا تھا کہ دورہ امریكا اپنی نوعیت كا كامیاب دورہ ہے، پاكستان برابری كی سطح پر دنیا میں خود كو منوانے میں كامیاب رہا، امریكی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد پاكستان كا دورہ كریں گے، پاكستان اور امریكا كے تعلقات ماضی كی نسبت مستقبل میں بہترین رہیں گے جب کہ مسئلہ كشمیر كو اجاگر كرنے میں پاكستان نے بھرپور كردار ادا كیا۔
سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف اور سابق صدر كے بیرون ملک دوروں پر ہونے والے اخراجات كی تفصیل بھی كابینہ میں پیش كی گئی،
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے 4 سالہ دور اقتدار میں 48 غیر ملكی دوروں پر 57 كروڑ سے زائد خرچ كیے۔
یوسف رضا گیلانی كے بیرون ملک دوروں كے دوران كھانے پینے پر 19 كروڑ روپے خرچ ہوئے جب کہ راجہ پرویز اشرف نے ایک سال میں 9 بیرون ملک دورے كیے جن پر 10 كروڑ سے زائد خرچ كیے، راجہ پرویز اشرف نے 47 لاكھ روپے ٹپ دی جب كہ ٹی اے ڈی اے كی مد میں 92 لاكھ روپے خرچ كیے۔ سابق صدر ممنون حسین نے 5 سال میں 31 دورے كیے جن پر بیرونی دوروں پر 27 كروڑ 82 لاكھ روپے خرچ ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان نے كہا سركاری خزانے کا بے دریغ استعمال كیا گیا، سابق حكمرانوں سے عوام كے ٹیكس كا پیسہ واپس لیا جائے گا۔
وفاقی كابینہ نے 5 ریگولیٹری اتھارٹیز كے انتظامی اختیارات متعلقہ وزارتوں سے لے كر كابینہ ڈویژن كو منتقل كرنے، پاسپورٹ سے پیشے كا كالم ختم كرنے اور وزارت خزانہ كے ایڈیشنل سیكریٹری برائے اخراجات كو قرضہ تحقیقاتی كمیشن كا سیكریٹری مقرر كرنے كی بھی منظوری دی گئی۔
كابینہ نے 17 جولائی كو ہونے والے ای سی سی اجلاس میں كیے گئے فیصلوں كی بھی توثیق كی جب كہ صحافیوں كے آٹھویں ویج بورڈ میں مزید 4 ماہ كی توسیع كی منظوری دی، وفاقی كابینہ كو پاكستان پوسٹ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا كہ پاكستان پوسٹ میں متعدد نئے منصوبے شروع كیے گئے ہیں اور سروس كے معیار كو بہتر بنانے كے لیے اسٹاف كو جدید سہولیات اور ٹریننگز سے آراستہ كیا جارہا ہے۔