شہباز شریف نے برطانوی اخبار کے لئے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپنے خلاف خبرشائع کرنے پر برطانوی اخبار کو نوٹس بھجوادیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے بے بنیاد الزامات کی واضح اور سختی کے ساتھ تردید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے برطانوی اخبارکے الزامات پر جوابی قانونی کارروائی کرتے ہوئے اخبار کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔شہبازشریف کے لندن میں وکلاء نے قانونی کاروائی کا نوٹس تیار کیا، نوٹس برطانوی اخبار“ڈیلی میل”اور اس کے آن لائن ایڈیشن میں اپنے متعلق شائع ہونے والی من گھڑت خبروں پر بھجوایا گیا۔
لیگل نوٹس میں اخبار کے رپورٹر ڈیوڈ روز کو بھی فریق بنایا گیا ہے، نوٹس میں کہاگیا ہے کہ قانونی نوٹس 14 جولائی 2019 کو شائع ہونے والی خبر پر بھجوایاگیا ڈیوڈ روز کی خبر جھوٹے الزامات پر مبنی ہے۔
شہبازشریف نے قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا ہے کہ اگر ان میں سے میرے خلاف کسی بھی الزام میں کوئی صداقت ہوتی یا کوئی ثبوت ہوتا تو فرد جرم لگا کر مجھے گرفتار کیا جانا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا کہ میری ذاتی ساکھ، شہرت اور پیشہ وارانہ کردار سب سے بڑھ کر ہے، اسے بچانے کے لیے ہر حد تک جاوں گا انگلینڈ اور ویلز کی عدالتوں کے ذریعے سنگین اور بد ترین الزامات لگانے والوں کو قانونی انجام کا سامنا کرنا ہوگا۔
یاد رہے برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے زلزلہ متاثرین کی امداد میں لاکھوں پاؤنڈ کی خورد برد کی، خادم اعلیٰ نے ڈی ایف آئی ڈی فنڈ پروگرام سے بھی چوری کی۔