لاہور،بطور وزیرریلوے قوم کے سامنے خود کو پیش کروں گا،شیخ رشید
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ہمیں صرف مہنگائی اور معاشی چیلنج درپیش ہیں اور جس روز یہ چیلنجز ختم ہوگئے لوگ اپوزیشن کی طرف بھی نہیں دیکھیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشیداحمد نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سب سے زیادہ کارکردگی وزارت ریلوے نے دکھائی ہے۔ محکمے نے 10 ارب روپے کمائے ہیں، 60 سے 70 لاکھ مسافر بڑھ گئےہیں، ہم نے ٹرینوں کو 90 سے 136 کردیا ہے اور تمام ٹرینیں بھر پور انداز میں چل رہی ہیں۔ میں جاہل اور گنوار قسم کا وزیر نہیں ہوں، 24 اگست کومیرا ایک سال پورا ہوگا، بطور وزیرریلوے قوم کے سامنے خود کو پیش کروں گا۔
چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کا مقابلہ سخت ہے تاہم صادق سنجرانی کی جیت دیکھ رہا ہوں، وزیراعظم نے فضل الرحمان کے پاس جانے والوں کی کھچائی کی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دورہ امریکا تاریخی تھا، وزیراعظم نےامریکا جا کر کہا ہے ایران سے جنگ بہت نقصان دہ ہوگی، عمران خان کی قسمت اچھی ہے کہ اب برطانیہ میں بھی ان کے دوست اقتدار میں آگئے ہیں، افغان مسئلے پر طالبان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ 25 جولائی کو چھوٹی سی جلسی ہوئی ، ان جلسوں سے عمران خان نہیں جا رہا، ہمیں صرف مہنگائی اور معاشی چیلنج درپیش ہیں، جس روز یہ معاشی چیلنجز ختم ہوگئے لوگ اپوزیشن کی طرف بھی نہیں دیکھیں گے۔ مہنگائی کنٹرول نہ کی تو ہمیں عوام کو جواب دینا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور شاہد خاقان ایک ہی چھت تلے رہ رہے ہیں، جو جتنا زیادہ چیخا ہے اس کی باری جلد آئے گی۔ دو ہفتے پہلے کہا تھا کہ مریم نواز پورس کی ہتھنی ہے، (ن) لیگ کی تباہی کی ذمہ داری صرف مریم نواز پر ہے۔