اسلام آباد،وزیر اعظم کے دورہ امریکہ میں کفایت شعاری کی مثال قائم
حکومت کی جانب وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ امریکا کے اخراجات کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں جس کے مطابق عمران خان کے دورہ امریکا پر 67 ہزار 180 ڈالرز ( پاکستانی 1 کروڑ 10 لاکھ روپے) خرچ ہوئے۔
حکومت کی جانب سے جاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ 27 رکنی وفد امریکا گیا تھا، وفد کے فضائی سفر پر 60 لاکھ روپے اور ان کے ہوٹل اخراجات کی مد میں ساڑھے 13 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
دستاویز کے مطابق دورہ امریکا میں وزیراعظم اور ان کے وفد کے کھانے پر 13 لاکھ روپے خرچ ہوئے، وزیراعظم نے 7 لاکھ روپے ٹپ کی مد میں خرچ کیے اور ایک لاکھ 42 ہزار کے تحائف تقسیم کئے۔
حکومت نے گزشتہ دس سال کے دوران تینوں سربراہان مملکت کے دورہ امریکہ پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات جاری کی ہیں، وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری کی مثال قائم کر دی۔
وزیراعظم عمران خان، نواز شریف اور آصف زرداری کا دورہ امریکہ قوم کو کتنے میں پڑا، آصف زرداری 2009 میں 6 روزہ دورہ [پر امریکہ گئے، اس دورہ امریکہ پر قومی خزانے سے 7 لاکھ 52 ہزار 688 ڈالرز خرچ ہوئے۔
نواز شریف کا 2013 میں 6 روزہ دورہ قوم کو 5 لاکھ 49 ہزار 853 ڈالرز میں پڑا جبکہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ کفایت شعاری کی مثال قائم کر گیا۔ نہ سرکاری جہاز نہ 7 سٹار ہوٹل میں رہائش نہ ہی اہل خانہ پر خرچ آیا، وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ پر صرف 67 ہزار 180 ڈالرز خرچ ہوئے، وزیراعظم نے سادگی کی مثال قائم کرتے ہوئے قومی خزانے کے کروڑوں روپے بچا لئے۔